صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی نے منصب سنبھالتے ہی بڑے فیصلے کرڈالے۔
اولمپیئن کلیم اللہ کی سربراہی میں قائم شدہ سابقہ قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی بحال کردی۔
ہیڈ کوچ شہناز شیخ کی قیادت میں قومی سینیئر ہاکی ٹیم مینجمنٹ کو بھی بحال کردیا۔
پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو سیکرٹری علی عباس کو عہدے کا چارج لینے کی ہدایات جاری،
ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف اولمپیئن خالد بشیر کو تعینات کردیا گیا
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدرمیر طارق حسین بگٹی نے پی ایچ ایف ہیڈ کواٹرز میں منصب سنبھالتے ہی بڑے فیصلے لے لئے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ریکارڈ میں موجود قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ بحال کردیا۔
اولمپیئن کلیم اللہ خان کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی میں اولمپین ناصر علی، اولمپیئن رحیم خان اور لئیق لاشاری انٹرنیشنل شامل ہیں۔
صدر پی ایچ ایف نے قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کو فوری عہدے کا چارج لینے کی ہدایات جاری کردیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے قومی سینیئر ہاکی ٹیم مینجمنٹ کو بھی دوبارہ بحال کردیا۔ ہیڈ کوچ اولمپیئن شہناز شیخ کی سربراہی میں قائم قومی سینیئر ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں اولمپیئن شکیل عباسی،
اولمپیئن دلاور حسین، امجد علی انٹرنیشنل بطور گول کیپر کوچ فرائض سرانجام دینگے جبکہ فزیکل ٹرینر محمد عمران ہونگے۔ ویڈیو انالسٹ کا تقرر بعد میں کیا جائیگا۔
صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری علی عباس کو فوری طور پر عہدے کا چارج لینے کی ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ عالمی شہرت یافتہ پینلٹی کارنر سپیشلسٹ اولمپیئن خالد بشیر کو بطور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن عہدے کا چارج سنبھالنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر مبنی رپورٹ کے بعد قومی سینیئر ہاکی ٹیم کی تیاری کے لئے قومی تربیتی ہاکی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان منگل کو ہوگا۔