ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز مہمان ٹیم نے 79 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،
محمد سراج پلیئر آف دی میچ اور ڈین ایلگر اور جسپریت بمرا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کیپ ٹائون میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز 62 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ایڈن مارکرم 36 اور بیڈنگھم 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم دوسرے روز کھیل کے آغاز میں ہی بیڈنگھم 11 رنز بنا کر آئوٹ گئے،
اس موقع پر ایڈن مارکرم نے ایک اینڈ پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم دوسرے اینڈ پر دیگر کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے،
ایڈن مارکرم نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی وہ 106 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دیگر آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کیل ویرینے 9 ، مارکو جینسن 11، کیشو مہاراج 3، کگیسو ربادا2 اور لونگی نگیدی 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
بھارت کے فاسٹ بائولر جسپریت بمرا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، مکیش کمار نے دو جبکہ محمد سراج اور پراسدھ کرشنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس طرح جنوبی افریقہ اپنی دوسری اننگز میں 176 رنز پر آئوٹ ہوگئی اور بھارت کو فتح کے لئے صرف 79رنز کا ہدف دیا۔
بھارت نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ اوپنر یشاسوی جیسوال 28، شبمان گل 10 اور ویرات کوہلی 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان روہت شرما 16 اور شریاس ایر 4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ربادا، ناندرے برگر اور مارکو جینسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح بھارت نے اس میچ میں فتح حاصل کرکے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی ہے۔
واضح رہے کہ کیپ ٹائون ٹیسٹ میں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 55 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی تھی جبکہ بھارت نے پہلی اننگز میں 153 رنز بنا کر 98رنز کی برتری حاصل کی تھی۔