پریذیڈنٹ ٹرافی: اظہرعلی کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 50 ویں سنچری

پریذیڈنٹ ٹرافی: اظہرعلی کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 50 ویں سنچری

سعد نسیم کی بھی سنچری، آفاق آفریدی کی 6 وکٹیں، محمد رمیز کی 5 وکٹیں

کراچی 4 جنوری، 2024:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے دوسرے دن سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہرعلی نے ایس این جی پی ایل کی طرف سے کھیلتے ہوئے کے آر ایل کے خلاف سنچری اسکور کی جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 50 ویں سنچری ہے۔ ان کے علاوہ غنی گلاس کے سعد نسیم نے بھی سنچری اسکور کی جبکہ اسٹیٹ بینک کے آفاق آفریدی نے چھ اور غنی گلاس کے محمد رمیز نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے کے آر ایل کے 281 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 22 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی اور مقررہ 80 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے۔
اظہرعلی اور عابدعلی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 125 رنز کا اضافہ کیا۔ عابد علی 9 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اظہرعلی نے 140 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
وہ پاکستان کے 9ویں بیٹر ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 50 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ ان کے علاوہ ظہیرعباس (108 سنچریاں)، جاوید میانداد (80 سنچریاں)، ماجد ِخان (73 سنچریاں)، مشتاق محمد (72 سنچریاں)، یونس خان (56 سنچریاں)، حنیف محمد (55 سنچریاں)، شفیق احمد (53 سنچریاں) اور صادق محمد (50 سنچریاں) کے نام اس فہرست میں شامل ہیں۔
اسد شفیق نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 69 رنز اسکور کیے۔
کے آر ایل نے اپنی دوسری اننگز میں 56 رنز بنائے تھے اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم غنی گلاس کے پہلی اننگز کے اسکور 221 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ غازی غوری نے 66 رنز اسکور کیے۔ محمد رمیز نے 60 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شعیب اختر نے49 رنز دے کر4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

غنی گلاس نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 330 رنز بنائے تھے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ سعد نسیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 115 رنز اسکور کیے۔
سعید علی 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 97 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 184 رنز کا اضافہ کیا۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم واپڈا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح اسے پہلی اننگز میں 82 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔ رمیز عزیز نے 71 اور محمد محسن نے59 رنز اسکور کیے۔ عاکف جاوید نے69 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
واپڈا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 122 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد سعد 39 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ آفاق آفریدی نے 38 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک کو میچ جیتنے کے لیے 41 رنز کا ہدف ملا ہے۔

 

 

تعارف: News Editor