سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس کا پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں آغاز مایوس کن رہا اور صرف ایک رن پر 2 وکٹیں گر گئیں۔
پاکستان کی ناقص بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں آسٹریلوی بولرز کے سامنے ٹک نہ سکی اور 68 کے مجموعی اسکور پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کو آسٹریلیا پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ صفر جبکہ دوسری 1 رن پر گری، تیسری وکٹ 58 کے مجوعی اسکور پر گری، مزید 2 رنز کا اضافہ ہوا تو 60 کے مجموعی اسکور پر چوتھی وکٹ بھی گرگئی۔ پانچویں، چھٹی اور ساتویں وکٹ 67 کے مجموعی اسکور پر گریں۔
عبداللہ شفیق اور شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، صائم ایوب نے 33، بابر اعظم نے 23 رنز بنائے، سعود شکیل نے 2 رنز، ساجد خان اور آغا سلمان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزلووڈ نے 4، مچل اسٹارک، نیتھ لائن اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگ
سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں 299 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کو آسٹریلیا پر 14 رنز کی برتری حاصل تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین سڈنی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے متاثر ہوگیا تھا، محض 46 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا تھا۔ پہلے اور دوسرے سیشن کا کھیل خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا تھا، بعد ازاں بارش نے سارا کھیل ہی متاثر کر دیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز
اس سے قبل میچ کے پہلے روز پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 77.1 اوورز میں 313 رنز بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے، محمد رضوان، آغا سلمان اور عامر جمال کی شاندار نصف سینچریوں کی بدولت پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا ملا تھا۔ محمد رضوان نے 88 ، عامر جمال نے 83 اور آغا سلمان نے 53 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 60 رنز مارنس لیبوسچاگنے نے بنائے جبکہ مچل مارش نے بھی 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ عثمان خواجہ نے 47، اسٹیون اسمتھ اور الیکس کارے نے 38 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 34 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آغاز سلمان نے 2 جبکہ ساجد خان اور میر حمزہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔