پریذیڈنٹ ٹرافی: اسٹیٹ بینک کی واپڈا کے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی
غنی گلاس کے سعید علی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سعد خان کی سنچریاں
کراچی 5 جنوری، 2024:ء
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے تیسرے دن اسٹیٹ بینک نے واپڈا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ آج کے کھیل کی خاص بات سعید علی اور سعد خان کی سنچریاں تھیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک کو واپڈا کے خلاف جیتنے کے لیے صرف 41 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں اسٹیٹ بینک کی دوسری کامیابی جبکہ واپڈا کی پہلی شکست ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کے آر ایل نے ایس این جی پی ایل کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 299 رنز بنائے تھے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اس طرح کے آر ایل کو 231 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
عمران رفیق نے 78 اور شرون سراج نے 52 رنز اسکور کیے۔
عارف یعقوب نے 108 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو غنی گلاس کے خلاف جیتنے کے لیے 479 رنز کا ہدف ملا ہے۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اس نے 6 وکٹوں پر 276 رنز بنائے تھے۔ اس طرح اسے جیتنے کے لیے مزید 203 رنز درکار ہیں اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔
سعد خان نے 18 چوکوں کی مدد سے 104 رنز اسکور کیے۔عدیل میو 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
محمد رمیز تین وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس سے قبل غنی گلاس نے دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر446 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی ۔
سعید علی جو گزشتہ روز 97 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے 13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 118 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
یہ ان کا دوسرا فرسٹ کلاس میچ ہے جس میں انہوں نے پہلی سنچری اسکور کی ہے۔
محمد عرفان 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شہباز جاوید نے سات چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔