نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو21 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے میچ میں 195 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ،
بابراعظم اور فخر زمان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔
قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم 66 اور فخر زمان 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان شاہین آفریدی صرف 22 رنز ہی بنا سکے جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا گیا۔ دونوں ٹیمیں ہیملٹن کے سیڈن پارک میں مدمقابل آئیں، نیوزی لینڈ نے دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کرلی۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ کیویز بلے بازوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 194 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے فن ایلین نے 41 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ڈیون کونوائے 20 اور مچل سینٹنر 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم پہلے باؤلنگ کریں گے۔ کیچ پکڑیں گے تو نیوزی لینڈ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ فاسٹ باولر عباس آفریدی کا ڈیبیو بہت اچھا رہا ہے۔
خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کیویز نے شاہینوں کو 46 رنز سے شکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا تھا۔
پاکستانی سکواڈ: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا۔
قومی ٹیم میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، عامر جمال، اسامہ میر، شاہین آفریدی (کپتان)، عباس آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے
نیوزی لینڈ سکواڈ: دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور میٹ ہنری کی جگہ مچل سینٹنر کی واپسی ہوئی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کین ولیمسن، ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ایڈم ملن، بین سیئرز شامل تھے۔