ندا ڈار سمیت 13 شرکا کی خواتین امپائرز انڈکشن کورس میں شرکت۔
لاہور 18 جنوری 2024: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر سخن فیض ان تیرہ شرکا میں شامل تھیں جنہوں نے خواتین امپائرز انڈکشن کورس میں حصہ لیا جو آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اختتام کو پہنچا۔
چار روزہ کورس میں جس کا آغاز تیرہ جنوری کو ہوا تیرہ خواتین شرکا نے کھیل کے قوانین کی معلومات سمیت بنیادی تربیتی سیشنز میں شرکت کی۔ آخری دن شرکاء نے تحریری امتحان دیا اور ان کے ون آن ون انٹرویوز ہوئے۔
آئی سی سی کے ایلٹ پینل آف امپائرز کے ممبر احسن رضا اور پی سی بی کے انٹرنیشنل امپائر آصف یعقوب اس کورس کے انسٹرکٹر تھے۔
ندا ڈار کا کہنا ہے : ” یہ ایک بہت اہم کورس تھا کیونکہ اس نے مجھے کھیل کے قوانین کو زیادہ باریک بینی سے سمجھنے میں مدد کی۔ دوسری بات میں نوجوان لڑکیوں کے لیے رول ماڈل بننا چاہتی تھی اور انہیں امپائرنگ کے میدان میں آنے کی ترغیب دینا چاہتی تھی۔کورس میں ایلٹ پینل کے امپائرز کے اشتراک سے تجربات بہت قیمتی تھے اور مستقبل میں ہم سب کے لیے مددگار ثابت ہونگے۔
احسن رضا کا کہنا ہے کہ چار روزہ کورس میں بطور انسٹرکٹرز ہم نے آج کے دور میں پلیئنگ کنڈیشنز ۔ قوانین اور پریکٹیکل امپائرنگ پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے گراؤنڈ میں انٹرایکٹو پریکٹیکل سیشنز کیے اور شرکا کو ویڈیو کلپس کے ذریعے امپائرنگ کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
کورس کی شرکا۔ عمارہ خان ۔ عائشہ فاروق۔ عائشہ شکور۔ فاخرہ کاظمی۔ اسماء ۔ ندا ڈار۔ قرۃ العین۔ ثانیہ اشرف – شمائلہ ناز۔ سخن فیض ۔ سمیرا ساجد۔ ذ کیہ گل اور زبیدہ ستار