میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے ٹی 20 سیریز میں پاکستان کو مسلسل چوتھے میچ میں بھی شکست دے دی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان کے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز کے 20 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے
خبر رساں ادارو ں کے مطابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم نے چوتھے ٹی 20 میں مقررہ اوورز میں 158 رنز بنائے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستانی اسکواڈ کے اوپنر صائم ایوب صرف ایک ہی رن بنا سکے جب کہ بابراعظم بھی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وہ ایڈم کے ہاتھوں پویلین لوٹے۔ ان کے علاوہ فخر زمان صرف 9، افتخار احمد 10 اور صاحبزادہ فرحان ایک رنز بنانے کے بعد گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
بعد ازاں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے۔ جب کہ محمد نواز نے میچ کے آخر میں 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر کر ٹیم کو 158 رنز کے مجموعی اسکور تک پہنچایا۔ محمد نواز میچ میں ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن اور میٹ ہنری نے 2، 2 جب کہ ایڈم ملنے نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستانی ہدف حاصل کرنے کے لیے میچ شروع کیا تاہم اس کا آغاز بھی تسلی بخش نہ رہا اور کیوی اوپنر فن ایلن 8، ول ینگ 4 اور ٹم سیفرٹ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
بعد ازاں ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 80 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں شاہین آفریدی نے حاصل کیں۔