پی سی بی نے ویمنز پینل آف امپائر کے لیے ریٹینرز متعارف کرادیے۔
لاہور 19 جنوری 2024:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی خواتین امپائرز کے پینل کے لیے ریٹینرز کو متعارف کرادیا ہے۔ پینل میں شامل تمام ساتوں خواتین امپائرز کو ماہانہ 32 ہزار روپے ملیں گے۔
حال ہی میں پی سی بی نے لاہور میں چار روزہ خواتین امپائرز انڈ کشن کورس کا انعقاد کیا تھا جس میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر سخن فیض سمیت تیرہ شرکا نے شرکت کی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ریٹینرز کے علاوہ کرکٹ سیزن کے دوران اپنے میچ آفیشلز کو میچ فیس، یومیہ الاؤنس، ہوٹل میں رہائش، ہوائی اور زمینی سفر سمیت دیگر فوائد بھی فراہم کرتا ہے۔
پی سی بی کے سینئر منیجر امپائرز اور ریفریز، بلال قریشی کا کہنا ہے کہ خواتین کو امپائرنگ کے میدان میں آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا خوش آئند ہے۔ پی سی بی نے ان امپائرز کی عزت و احترام کو یقینی بناتے ہوئے رہائش اور سفر کی فراہمی کے علاوہ ماہانہ ریٹینرز متعارف کرائے ہیں۔
یہ قدم مزید خواتین کو آگے آنے کی ترغیب دے گا ۔ پی سی بی خواتین کو اس شعبے میں آنے ترقی کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔”
پی سی بی ویمنز پینل آف امپائرز میں شامل امپائرز یہ ہیں ۔ عافیہ امین ۔ حمیرا فرح ۔نازیہ نذیر۔ رفعت مصطفیٰ۔ صباحت رشید ۔ سلیمہ امتیاز اور شکیلہ رفیق۔