بنگلہ دیش نے امریکہ کو 121 رنز سے شکست دے دی
بلوم فونٹین میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں بنگلہ دیش نے امریکہ کو 121 رنز سے شکست دے دی،
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، عارف الاسلام نے شاندار سنچری سکور کی، وہ 103 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، احرار امین 44،
ایم ڈی رضوان 35 اور محمد شہاب جیمز 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ امریکہ کے آریا گارج نے 3، آریان ندکارنی نے 2، سبرامنیم اور پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو ایس اے کی ٹیم 47.1 اوور میں 170 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اوپنر پرانوو چتی پلایم 57 اور اتکرش سریواستو 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بنگلہ دیشی بائولر محفوظ الرحمان ربی نے 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، اقبال حسین، شیخ پیویز، محمد رفیع اور عارف الاسلام نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ عارف الاسلام کو شاندار سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔