ڈیوس کپ: بھارت نے گروپ ون پلے آف میں پاکستان کو شکست دے دی
(رپورٹ ؛ اصغر علی مبارک)۔
اسلام آباد: بھارت نے پاکستان کو سنگل اور ڈبلز دونوں مقابلوں میں شکست دے کر ڈیوس کپ ٹائی جیت کر پاکستان پر 4-0 کی برتری حاصل کر لی۔
اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی میں بھارت نے ڈبلز میچ میں بھارتی جوڑی یوکی بھامبری اور ساکیتھ مائینی نے پاکستان کے عقیل خان اور مزمل مرتضی کو 2 -6 اور 6-7 سے ہرا دیا۔
اتوار کو ہونے والے ڈیوس کپ مقابلوں میں پاکستان کے مایہ ناز ٹینس اسٹار اور ڈبلز کے اسپیشلسٹ تصور کیے جانے والے اعصام الحق ہیمسٹرنگ انجری کے سبب شرکت نہیں کر سکے جس سے پاکستان کی میچ جیتنے کی امیدوں کو مزید دھچکا لگا۔
بھارت کے نکی پوناچھا نے نوجوان محمد شعیب کو محض 64 منٹ کے مقابلے کے بعد 3-6 اور 4-6 سے شکست دی۔ ڈیوس کپ مقابلوں میں اب بھارت کو پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 0-8 کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روز سنگلز میچز کھیلے گئے، بھارت کے رام کمار رامناتھن نے پاکستان کے اعصام الحق کے خلاف پہلے سیٹ میں 7-6، دوسرے سیٹ میں 6-7 اور تیسرے سیٹ میں 0-6 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی تھی۔
جس کے بعد پاکستان کو دوسرے سنگل میچ میں بھی بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا پڑا تھا، پاکستان کے عقیل خان کو بھارت کے سریرام بالاجی نے پہلے سیٹ میں 5-7 اور دوسرے سیٹ میں 3-6 کے اسکور سے ہرایا۔
دونوں ممالک کے درمیان آخری مقابلہ 2014 میں قازقستان میں ہوا تھا، جس میں بھارت نے 0-4 کے اسکور سے فتح حاصل کی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان 60 سال میں پہلی بار بھارتی ٹینس ٹیم کی ڈیوس کپ میں میزبانی کررہا ہے۔