15ویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان (کل) جمعرات کو بینونی میں کھیلا جائے گا۔
سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے،اور میگا ایونٹ میں شائقین کرکٹ کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل رائونڈ میں ، پاکستان ، بھارت ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ٹیمیں پہنچی تھی جس میں سے بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان پہلا سیمی فائنل میچ کھیلا جا چکا ہے
اور دفاعی چیمپئن بھارت پہلے سیمی فائنل میچ میں میزبان جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہے۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان (کل) جمعرات کو ولو مور پارک، بینونی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم سعد بیگ کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو ہیو ویبگن لیڈ کریں گے۔ دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا
اور اب تک ناقابل شکست ہیں ، دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں 11 فروری کو بھارت کا مقابلہ کرے گی جو بینونی میں کھیلا جائے گا ۔