پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل میں واپڈا اور ایس این جی پی ایل مدمقابل
پانچ روزہ فائنل 9 فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
راولپنڈی 7 فروری، 2024:
واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) اور سوئی ناردن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی ٹیمیں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ I کے فائنل میں مدمقابل ہونگی۔ یہ پانچ روزہ فائنل 9 سے 13 فروری تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
واپڈا اور ایس این جی پی ایل نے سات راؤنڈز کے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہنے کے بعد فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں تمام سات ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں نے چھ میچ کھیلے۔ واپڈا نے چھ میں سے پانچ میچ جیت کر 62 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ ایس این جی پی ایل نے چھ میں سےچار میچ جیتے اور اس کے 57 پوائنٹس تھے۔
واپڈا کی قیادت افتخار احمد کریں گے جبکہ ایس این جی پی ایل کی قیادت اسد شفیق کریں گے۔
عمر اکمل اس وقت چھ میچوں میں 489 رنز بناکر واپڈا کی طرف سے سرفہرست ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر آصف آفریدی ٹیم کے لیے سب سے کامیاب بولر رہے ہیں جنہوں نے پانچ میچوں میں 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 42 وکٹیں غنی گلاس کے محمد رمیز جونیئر نے حاصل کی ہیں۔
عابد علی ایس این جی پی ایل کی طرف سے اب تک چھ میچوں میں 532 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں۔ لیگ اسپنر عارف یعقوب اور دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد علی اب تک ایس این جی پی ایل کی طرف سے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 19 وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔
واپڈا نے آخری راؤنڈ میں پی ٹی وی کے خلاف تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اسی راؤنڈ میں ایس این جی پی ایل نے ہائر ایجوکیشن کو 109 رنز سے شکست دی تھی۔