پاکستان سپر لیگ میں اب تک 16 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد ٹورنامنٹ مزید سنسنی خیز ہوتا جا رہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں آج کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا جبکہ کل سے راولپنڈی میں میدان سجے گا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں کل دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں جوڑ پڑے گا۔
پی ایس ایل سیزن 9 میں اب تک 16 میچز کھیلے جا چکے ہیں، پہلے مرحلے میں لاہور اور ملتان میں میچز کا انعقاد ہوا، اب دوسرے مرحلے میں کراچی کے بعد راولپنڈی میں میلہ سجے گا۔
پی ایس ایل 9 کے اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو اب تک ملتان سلطانز چھ میچز کھیل کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
اسی طرح دوسرا نمبر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ہے جنہوں نے اب تک پاچ میچز کھیلے ہیں اور 8 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا نمبر پشاور زلمی کا ہے جو پانچ میچز کھیل کر 6 پوائنٹس کے ساتھ براجمان ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا پانچ میچوں کے بعد 4 پوائنٹس لیکن بہتر رن ریٹ کے ساتھ چوتھا نمبر ہے۔ اسی طرح کراچی کنگز کی ٹیم پانچ مقابلوں کے بعد 4 پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر دفاعی چیمپیئن ٹیم لاہور قلندرز کا ہے جو اب تک ایونٹ میں کوئی ایک میچ بھی نہ جیت پائیں ہیں۔