وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ اور جولین تھرو سپیشلسٹ ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2023 میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر 25 لاکھ روپے انعام دیدیا۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی اور کم وسائل ہونے کے باوجود شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے قوم کے لئے قابل فخر کارنامہ سرانجام دیا، آپکی محنت نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں جولین تھرو جیسے کھیل کی ترویج کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں ،حکومت ملک میں ایتھلیٹکس سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم نے وزیراعظم ہائوس مدعو کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ بہت اچھی ملاقات کی۔
وزیراعظم کو کھیلوں کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز دیں، امید ہے کہ ان پر عملد رآمد کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔