پاکستان میں آئندہ سال شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کا وفد دوسرے مرحلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ بھی مکمل کرلیا۔
سال 2025 میں فروری اور مارچ کے مہینے میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان میں موجود آئی سی سی وفد نے پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم کا دورہ بھی مکمل کرلیا۔
سینئر مینجر ایونٹ آپریشنز سارا ایڈگر اور مینجر ایونٹ آپریشنز عون محمد زیدی نے تاریخی قذافی سٹیڈیم مین گراونڈ،ڈریسنگ رومز، میڈیا سہولیات اوردوسرے انتظامات کا جائزہ لیا۔
گراونڈ میں موجود ڈیجیٹل سکرین، وی وی آئی پی باکسز اور ہوٹل سے سٹیڈیم تک کے روٹ کا بھی معائنہ کیا، وفد آج ہی اسلام آباد پہنچے گا، جہاں آخری مرحلے میں بدھ کو پنڈی سٹیڈیم کا وزٹ رکھا گیا ہے۔
سربراہ ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی بھی کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، وفد کی پی سی بی سربراہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات طے ہے۔ وفد واپسی کے بعد اپنی رپورٹ آئی سی سی کو جمع کرائے گا، جس کے بعد رپورٹ ممبر ممالک کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی۔
قبل ازیں آئی سی سی وفد نے پہلے مرحلے میں نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد پی سی بی کی تیاریوں اور انتظامات سے مطمئن ہے۔
دوسری جانب پی سی بی سربراہ محسن نقوی بھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہی کرائے جانے کاعندیہ دے چکے ہیں۔