آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی طرف سے کاکول کیمپ میں شرکت کرنے والے قومی کرکٹرز کو افطار کی دعوت دی گئی ہے۔
29 کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم کا کیمپ کاکول میں جاری ہے جو مقررہ تاریخ سے پہلے ختم کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق کاکول کیمپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا 7 اپریل کو آخری روز ہوگا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے فٹنس کیمپ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو دعوتِ افطار دی گئی ہے۔ 7 اپریل کی دوپہر کھلاڑی ایبٹ آباد سے راولپنڈی روانہ ہوں گے۔
راولپنڈی میں قومی کرکٹرز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ افطار کریں گے جس کے بعد 7 اپریل کی رات ہی تمام کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوں گے۔
کاکول فٹنس کیمپ میں شرکت کرنے والے 29 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث، سلمان علی آغا، اعظم خان اور افتخار احمد شامل ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، مہران ممتاز، محمد نواز، ابرار احمد، نسیم شاہ، عباس آفریدی، حسن علی، محمد علی، زمان خان، وسیم جونیئر، عامر جمال، حارث رؤف اور محمد عامر نے بھی کاکول اکیڈمی میں رپورٹ کیا۔
واضح رہے کہ فٹنس کیمپ کے ختم ہوتے ہی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان بھی متوقع ہے، عید کے بعد ٹیم ارکان راولپنڈی میں رپورٹ کریں گے، جہاں کیویز کیخلاف ٹی 20 سیریز کے ابتدائی تین میچز شیڈول ہیں۔