کیمپ کا بنیادی مقصد اتحاد اور ٹیم بانڈنگ تھی۔ بابراعظم۔
کھلاڑیوں کا اکٹھے وقت گزارنا اور اعظم خان کا پہاڑ پر چڑھنا بہت انجوائے کیا
ان خیالات کا اظہار انہون نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شیئر کیے گئے ویڈیو پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فزیکل ٹریننگ کیمپ سے ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت فائدہ ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کاکول میں منعقدہ فزیکل ٹریننگ کیمپ کو انتہائی کارآمد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیمپ کا بنیادی مقصد اتحاد اور ٹیم بانڈنگ تھی۔
پاکستان آرمی کے ٹرینرز سے ملنے والی اس ٹریننگ کے کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ ان کے لیے اس طرح کے فزیکل ٹریننگ کیمپ میں حصہ لینے کا یہ تیسرا موقع ہے اور وہ جب بھی یہاں آئے ہیں کچھ نہ کچھ سیکھ کر گئے ہیں۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ اس لیے مختلف ہے کہ اس میں کرکٹ نہیں تھی۔یہاں صرف فزیکل فٹنس اسپیڈ پھرتی اور اسٹرینتھ پر کام ہوا جبکہ اصل چیز ٹیم یونیٹی تھی جس پر بہت کام ہوا ہے۔اس طرح کے کیمپس بہت فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں جب آپ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔
بابراعظم نے کہا کہ یہ کیمپ ہمارے لیے اس لیے بھی اہم ہے کہ اب ہمیں متواتر کرکٹ کھیلنی ہے کیونکہ ہمیں اب فزیکل فٹنس کی فکر نہیں ہوگی۔
انہوں نے 2017 میں بھی اس طرح کے کیمپ میں حصہ لیا تھا اور وہ فٹنس پورے سال کام آئی تھی۔ُامید ہے کہ اس بار بھی یہ فٹنس ہمیں آنے والے میچوں میں کام آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس سے قبل روزے رکھ کر میچ بھی کھیلے ہیں لہذا اس کیمپ کی ٹریننگ مشکل ضرور تھی لیکن روزوں پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوئی۔
بابراعظم نے اس کیمپ کے سب سے بہترین لمحے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کا پہاڑ پر چڑھنا تھا جو آسان کام نہ تھا لیکن انہوں نے بڑی ہمت دکھائی۔