بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
وہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کے اسٹار بلے باز اور کپتان بابر اعظم ایک اور سنگ میل کے قریب ہیں کیونکہ ان کی ٹیم اس ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تیار ہے۔
پاکستان ٹیم کے وائٹ بال کرکٹ کے کپتان بابراعظم اس سیریز کے دوران بھارتی بلے باز ویرات کوہلی، روہت شرما اور آسٹریلیا کے کپتان ایرن فنچ کے ریکارڈز توڑ سکتے ہیں۔
ٹی20 کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے بابر اعظم کو 42 رنز درکار ہیں۔ جس کے بعد بابر اعظم آسٹریلیا کے کپتان ایرن فنچ سے ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں بطور کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔
آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ نے اب تک 76 میچز میں بطور کپتان 2236 رنز بنائے ہیں جبکہ بابر اعظم نے 71 میچز میں 2195 رنز اسکور کر رکھے ہیں۔
کپتان بابراعظم کے پاس بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے ایک اور ریکارڈ توڑنے کا موقع بھی موجود ہے۔ ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز ویرات کوہلی کے پاس موجود ہے جنہوں نے 117 میچز میں 4 ہزار 37 رنز بنائے ہیں
جبکہ کپتان بابر اعظم نے 109 میچز میں 3 ہزار 698 رنز اسکور کر رکھے ہیں۔ کپتان بابر اعظم 340 رنز مزید بنا کر ٹی20 کی دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیں گے جبکہ مزید 302 رنز بنا کر وہ ٹی20 کرکٹ میں 4 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن جائیں گے۔
اس وقت ٹی20 کرکٹ میں 4 ہزار رنز بنانے کا اعزاز صرف ویرات کوہلی کے پاس موجود ہے۔
ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ویرات کوہلی، دوسرے پر روہت شرما اور تیسرے نمبر پر بابر اعظم موجود ہیں۔ بابر اعظم کو روہت شرما کو پیچھے چھوڑنے کے لیے مزید 276 رنز درکار ہیں۔
بطور کپتان بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور انگلینڈ کے کپتان آئین مورگن کا بطور کپتان سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا اعزاز بھی لے اڑیں گے۔
مہندرا سنگھ دھونی نے 72 میچز میں بھارت کی کپتانی کی جبکہ آئین مورگن نے بھی 72 میچز میں ٹی20 کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے بطور کپتان نمائندگی کی ہے۔
کپتان بابر اعظم نے اب تک 71 میچز میں بطور کپتان پاکستان کی نمائندگی کی ہے جبکہ ان کا جیت کا تناسب بھی دونوں کپتانوں سے زیادہ ہے۔
بابر اعظم سیریز کے پانچوں میچز اگر کھیلے تو ٹی20 کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ میچ بطور کپتان کھیلنے والے کھلاڑی بن جائیں گے اور آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ کے ساتھ مشترکہ طور پر یہ اعزاز حاصل کرلیں گے۔
ایرن فنچ نے اب تک 76 میچز میں بطور کپتان آسٹریلیا کی نمائندگی کی جبکہ ان کی جیت کا تناسب 55 فیصد رہا ہے، بابر اعظم نے اب تک 71 میچز میں پاکستان ٹیم کو لیڈ کیا اور ان کی جیت کا تناسب 64 فیصد ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 18 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کا سکواڈ اتوار کو اسلام آباد پہنچ گیا، اسی دوران پاکستانی ٹیم بھی عید الفطر کی تعطیلات کے بعد وفاقی دارالحکومت میں جمع ہو گئی ہے۔
پاکستان اسکواڈ ; بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، عباس آفریدی، ابرار احمد، فخر زمان عرفان خان نیازی، اسامہ میر، زمان خان
ریزرو: حسیب اللہ، محمد علی، آغا سلمان، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ; مائیکل بریسویل (سی)، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، جمی نیشم، ول او رُرک، ٹِم رابنسن، بین سیئرز، ٹِم سیفرٹ (ڈبلیو کے)، ایش سودھی، ٹام بلنڈل، زیک فولکس۔
پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ T20I سیریز کا شیڈول
18 اپریل – پہلا T20I، راولپنڈی
20 اپریل – دوسرا T20I، راولپنڈی
21 اپریل – تیسرا T20I، راولپنڈی
25 اپریل – چوتھا T20I، لاہور
27 اپریل – 5 واں T20I، لاہور