دوسرا ویمنز ون ڈے : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔
سیریز میں دو صفر کی سبقت ، ندا ڈار کی ون ڈے میں 100 وکٹیں مکمل
اسٹیفینی ٹیلر 73 رنز بناکر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 2 وکٹوں سے شکست دیدی۔
میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔
تین میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز ویمنز کو دو صفر کی سبقت حاصل ۔
اسٹیفنی ٹیلر 73 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر۔
پاکستان ویمنز کی طرف سے بسمہ معروف اور سدرہ امین کی نصف سنچریاں۔
کپتان ندا ڈار ون ڈے انٹرنیشنل میں ثنا میر کے بعد 100 وکٹیں مکمل کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔
تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل منگل کے روز کھیلا جائے گا۔
کراچی 21 اپریل، 2024:
ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔ مہمان ٹیم کی اسٹیفنی ٹیلر 73 رنز کی اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کرلیں۔ وہ ثنا میر کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔
اتوار کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 48.5 اوورز میں223 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز ویمنز نے 50 ویں اوور کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاکستان ویمنز کا آغاز مایوس کن رہا ۔ منیبہ علی صرف 2 رنز بناکرشنیل ہنری کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔ سدرہ امین اور بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 80 رنز کا اضافہ کیا۔
سدرہ امین چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر ایفی فلیچر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں جو ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں آٹھویں نصف سنچری ہے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد صرف بسمہ معروف ہی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوپائیں۔
انہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 65 رنز اسکور کیے جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی 21 ویں نصف سنچری ہے تاہم دیگر بیٹرز وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہر کر ان کے ساتھ بڑی پارٹنرشپ قائم نہ کرپائیں۔
کپتان ندا ڈار 15 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں ۔ عالیہ ریاض 6 صدف شمس 9 اور فاطمہ ثنا 11 رنز بناسکیں۔ وکٹ کیپر نجیہہ علوی نے 25 رنز اسکور کیے۔
فاسٹ بولر شنیل ہنری نے 37 اورآف اسپنر کرشما رامارک نے 48 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ایفی فلیچر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز ویمنز کی پہلی وکٹ 32رنز پر گری جب رشادا ولیمز 7 رنز بناکر ندا ڈار کی گیند پر منیبہ علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ یہ ندا ڈار کی 108 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں 100 ویں وکٹ تھی۔
وہ ثنا میر کے بعد دوسری پاکستانی ویمن کرکٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کی ہے۔ ثنا میر نے 120 ون ڈے انٹرنیشنل میں151 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پاکستان ویمنز کو اسوقت اہم کامیابی ملی جب کپتان ہیلی میتھیوز 44 رنز بناکرام ہانی کی گیند پر متبادل کھلاڑی ڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں تاہم اس کے بعد شیمین کیمبل اور اسٹیفنی ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے88 رنز کی شراکت قائم کرڈالی ۔
شیمین کیمبل 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں ۔ اسٹیفنی ٹیلر نے 73 رنز اسکور کیے جس میں 9 چوکے شامل تھے۔
پاکستانی بولرز اسٹیفنی ٹیلر کی وکٹ کے بعد مزید تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
ویسٹ انڈیز ویمنز کی آٹھویں وکٹ 221 کے اسکور پر گری تاہم آخری اوور کی آخری گیند پر کرشما رامارک کے چوکے نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔
مختصر اسکور ۔
پاکستان ویمنز 223 رنز ( 48.5 اوورز ) بسمہ معروف 65۔ سدرہ امین 50 ۔ شنیل ہنری 37 / 3وکٹ ۔ کرشما رامارک 48 / 3 وکٹ ۔
ویسٹ انڈیز ویمنز 225رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) اسٹیفنی ٹیلر73 ۔شیمین کیمبل 52۔ہیلی میتھیوز 44۔ ندا ڈار 52 / 4 وکٹ ۔
نتیجہ ۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کی 2 وکٹوں سے کامیابی۔