صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے وفد کی مشیر کھیل سید فخر جہان سے ملاقات
سائیکلنگ کے فروغ و ترقی کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے کا عزم
پشاور (سپورٹس رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان سے خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین نثار احمدکی سربراہی میں گزشتہ روز ملاقات کی
ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس عبدالناصر‘ صدر کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن انجینئر سید شایان علی شاہ اور سیکرٹری محمد علی بھی موجود تھے‘
کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نثار احمد نے مشیر برائے کھیل سید فخر جہان کو صوبے میں سائیکلنگ کے فروغ و ترقی کے لئے کی جانیوالی کوششوں پر روشنی ڈالی انہوں نے بتایا کہ کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن سال بھر اپنے ایونٹس منعقد کراتی ہے
جس میں کلب‘ڈسٹرکٹ‘صوبائی‘نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے مقابلے بھی شامل ہوتے ہیں‘انہوں نے کہا کہ آج کل کے دور میں سائیکلنگ ہر ایک کے لئے ضروری ہوگئی ہے جس سے مختلف بیماریوں سے بچا جاسکتاہے
اور دوسری طرف سائیکلنگ بہترین کھیل ہے جس کے فروغ و ترقی کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے‘مشیر برائے کھیل سید فخر جہان نے کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی
کہ سائیکلنگ کے فروغ و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ایسوسی ایشن کے شانہ بشانہ اس کھیل کے فروغ و ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی
انہوں نے کہا کہ جلد ہی سائیکلنگ کا ایونٹ بھی منعقد کرایاجائے گا اور اسے صوبائی سطح سمیت دیگر سطح کی گیمز میں رکھا جائے گا۔