آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ کا بھی افغانستان سے کرکٹ کھیلنے سے انکار

انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیف ایگزیکیٹو رچرڈ گُولڈ نے کہا ہے کہ خواتین کرکٹ پر لگی پابندی کے خاتمے تک افغانستان سے باہمی سیریز نہیں کھیلیں گے۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق ای سی بی کے چیف ایگزیکیٹو رچرڈ گُولڈ نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں خواتین کرکٹرز کو ملنی والی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے انگلینڈ افغانستان کے خلاف سیریز نہیں کھیلے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم آئی سی سی کی سطح پر دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں کہ اس بارے میں کیا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ میرا نہیں خیال کہ آئی سی سی کے اراکین کی اکثریت افغانستان کے خلاف کوئی ایکشن لینے کے حق میں ہے۔‘

انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان ابھی تک کوئی باہمی کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی اور نہ ہی ایسی کوئی سیریز شیڈول نہیں ہے تاہم دونوں ٹیمیں 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے لے کر اب تک باقاعدہ طور پر آئی سی سی ایونٹس میں مدمقابل آتی ہیں۔

سنہ 2021 میں افغانستان پر طالبان کی حکومت آنے کے بعد افغانستان ویمنز ٹیم کو ختم کر دیا گیا جس کے بعد ویمنز ٹیم کی کھلاڑی آسٹریلیا میں جلا وطنی کاٹ رہی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2021 سے لے کر اب تک آسٹریلیا کی جانب سے بھی افغانستان کے خلاف باہمی سیریز خواتین کرکٹ ٹیم پر لگی پابندیوں کے باعث تین مرتبہ منسوخ کی گئیں۔

تعارف: News Editor