3 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔
آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست دی ہے۔
سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
اینڈی بالبرینی نے 77 رنز کی ذمہ درانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ ہیری ٹیکٹر 36، جورج ڈوکریل 24، کپتان پال اسٹرلنگ 8 اور لورکن ٹکر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کرٹس کیمفر 15 اور گیریتھ ڈیلنے 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آئرلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے 57، صائم ایوب نے 45 اور افتخار احمد نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کی جانب سے ینگ نے دو جب کہ ایڈر اور ڈیلنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں ہی کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور عباس آفریدی شامل تھے۔
آئرلینڈ کے پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے آئرلینڈ کی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں پاؤل سٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈائر، اینڈی بالبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلانی، جورج ڈوکریل، بیری مککارتھی، ہیری ٹیکٹر، لورکان ٹکڑ (وکٹ کیپر)، بین وائٹ اور کریگ ینگ شامل تھے۔