لاہور نے نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا
فائنل میں کراچی کو 8 وکٹوں سے شکست
انعم امین اور عائشہ بلال کی عمدہ بولنگ، ارم جاوید کی نصف سنچری
فیصل آباد 11 مئی، 2024:ء
لاہور نے نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اس نے کراچی کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ فائنل کی خاص بات انعم امین اور عائشہ بلال کی عمدہ بولنگ اور ارم جاوید کی نصف سنچری تھی۔
گزشتہ رات کی بارش کی وجہ میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 27 اوورز کا کردیا گیا ۔ لاہور نے ٹاس جیت کر کراچی کو بیٹنگ دی جو 23.4 اوورز میں 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کی اننگز میں لائبہ فاطمہ نے پانچ چوکوں کی مدد سے30 رنز بنائے۔ ُیسریٰ عامر نے 24 رنز اسکور کیے۔
ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 43 رنز کا اضافہ کیا لیکن اس کے بعد کوئی بھی بیٹر ڈبل فگرز میں نہ آسکی اور صرف 65 رنز کے اضافے پر 10 وکٹیں گرگئیں۔
لاہور کی جانب سے انعم امین اور عائشہ بلال نےعمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ قرۃ العین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور نے 22.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
ارم جاوید 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 55 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہیں یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی چوتھی نصف سنچری تھی ۔ وہ مجموعی طور پر 400 رنز بناکر ٹورنامنٹ کی ٹاپ اسکورر بھی رہیں۔
لاہور کی قرۃ العین 23 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر رہیں۔
کراچی کی ماہم منظور نے 22 وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کی عمیمہ سہیل نے ٹورنامنٹ میں 384 رنز بنانے کے علاوہ 20 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
مختصر اسکور:
کراچی 108 رنز ( 23.4 اوورز ) لائبہ فاطمہ 30، انعم امین 12 / 3 وکٹ، عائشہ بلال 18 / 3 وکٹ
لاہور 114 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ( 22.2 اوورز ) ارم جاوید 55 ناٹ آؤٹ
نتیجہ ۔ لاہور نے 8 وکٹوں سے جیتا۔