صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کو 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پہنچنے پر مبارکباد دی ہے
جب کہ پنجاب حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے جب کہ میئر کراچی نے فی کھلاڑی ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے مبارک باد دی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے فائنل سمیت پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا، جس پر قومی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کا ایک بڑے عرصے بعد بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنا انتہائی خوش آئند ہے، قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور فروغ پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اُمید ہے پاکستانی ہاکی ٹیم مستقبل میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہاکی کامستقبل دوبارہ روشن ہورہا ہے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کے ہر پلیئر کیلئے 10، 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے
وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی جیت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور لکھا کہ 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پہچنے پرقومی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔
ادھر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ٹیم کے جذبے اور فائٹنگ سپرٹ نے قوم کے دل جیت لئے، ہاکی ٹیم فائنل میچ تک ناقابل شکست رہی، یہ حوصلہ افزا بات ہے، 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچنا ہی ایک بڑا سنگ میل ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کا ٹیم ورک اور لڑنے کا جذبہ ہاکی کے کھیل کی اڑان اور روشن مستقبل کی امید ہے، بلوچستان میں ہاکی کے فروغ کیلئے بھی صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نا قابل شکست ٹھہری تاہم فائنل میچ میں جاپان سے پنالٹی شوٹ آؤٹ کے دوران 4-1 سے ہار گئی۔