تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے آئر لینڈ کو شکست دیدی۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آئر لینڈ کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔
فخر زمان نے 40 گیندوں پر 78 رن کی اننگز کھیلی ، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں، محمد رضوان 75 رن کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔
اعظم خان نے 10 گیندوں پر 30 رن کی شاندارناقابل شکست اننگز کھیلی، صائم ایوب 6 اور کپتان بابراعظم بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔
آئرلینڈ کی جانب سے مارک اڈائر، گراہم ہومے اور بین وائٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد رضوان کو عمدہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل آئرلینڈ نے پہلے کھیل کر 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ لورکان ٹکر 51 اور ہیری ٹیکٹر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ گیرتھ ڈیلا نے 28 اور کرٹس کیمفر نے 22 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں 49 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عباس آفریدی 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، محمد عامراور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
دوسرے ٹی 20 میں محمد رضوان پلیئر آف دی میچ قرار پائے ہیں اور بابراعظم ٹی20انٹرنیشنل کے کامیاب ترین کپتان بن گئےہیں۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد بابر اعظم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔
آل راؤنڈر شاداب خان کی جگہ محمدعامر کی واپسی ہوئی ۔ بابر اعظم کے علاوہ صائم ایوب، محمدرضوان اور فخر زمان بھی ٹیم کا حصہ تھے۔ وکٹ کیپر اعظم خان، افتخاراحمد، عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی بھی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ نسیم شاہ، عباس آفریدی کو بھی موقع دیا گیا۔
جبکہ آئرلینڈ ٹیم میں کپتان پال اسٹرلنگ ، مارک ایڈیئر، اینڈریو بلبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلنی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر (ڈبلیو کے)، بین وائٹ، کریگ ینگ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹئنٹی انٹرنیشنل میں آئرلینڈ کی ٹیم نے حیران کن طور پر پاکستان کی فل اسٹرینتھ ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
بطور کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 میں سب سے زیادہ 45 فتوحات حاصل کی ہیں ۔ انہوں نے بطور کپتان 78 میچز میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے ۔ اس سے قبل یوگنڈا کے برائن مسابا نے44کامیابیاں حاصل کی تھیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ جیتنے پر سارا کریڈٹ بیٹرز کو دے دیا۔