ایس اے ا یف نیشنل فزیکل ڈس ایبل ٹی ٹی20کرکٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز
لاہور میں منعقدہ میچز میں پشاور اور بہاولپور کی کامیابی،رحمت اللہ نے شاندار سنچری اسکور کی
لاہور /کراچی (اسپورٹس رپورٹر)
بہاول پور اور پشاورنے ایس اے ایف ڈس ایبلٹی ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے کے پہلے روز اپنے میچز جیت لئے۔
پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن زیر انتظام اورشاہد آفریدی فاؤنڈیشن، پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے جاری چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے کے میچز لاہور میں کھیلے جارہے ہیں،
جہاں پہلے روز اسلام آباد اور لاہورکو شکست ہو گئی۔ریس کورس پارک گراؤنڈ لاہور پر منگل کو پہلے میچ میں بہاولپور نے اسلام آباد کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا،
اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے 9وکٹوں کے نقصان پر 138رنز اسکور کئے۔عادل محمود نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 16گیندوں پر 32،عثمان پراچہ نے چار چوکوں کی مدد سے25اور سلمان احمد نے تین چوکوں کی مدد سے17رنز اسکور کئے۔
محمد نعمان18اور شاہ بہرام13رنز بنا سکے۔ محمد شہزاد،وسیم مرزا اور عبدالخالق نے دو دو جبکہ محمد آصف اور محمد نعمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،جواب میں بہاول پور نے مطلوبہ اسکور 18.2اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
محمد نعمان نے 44گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56اور محمد شہزاد نے 28گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے41ناقابل شکست رنز اسکور کئے۔عابد حسین اور محمد آصف نے14-14رنز بنائے۔
زبیر خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔بہاول پور کے محمد نعمان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ریجن ہیڈ اسلام آباد محمد طاہر نے انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا،اس موقع پر ریجن ہیڈ ملتان بہاولپور جمیل کامران بھی موجود تھے۔
دوسرے میچ میں پشاور نے لاہور کو34رنز سے زیر کیا۔پشاور نے پہلے کھیلتے ہوئے رحمت اللہ کی شاندار سنچری کی بدولت چار وکٹوں پر206رنز اسکور کیے۔رحمت اللہ نے 60گیندوں پر 6چوکوں اور6چھکوں کی مدد سے100رنز بنائے۔
واجد اسلم 38گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 62رنز بناکردوسرے نمایاں بیٹر رہے۔اسامہ علی نے دو جبکہ عثمان اور عبداللہ اعجاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں لاہور کی ٹیم پانچ وکٹوں پر172رنز بنا سکی،
یاسر اجمل 49گیندوں پر 14چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ شاہد علی وٹو نے 36گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 53اور صفدر نے15رنز بنائے۔
فاتح ٹیم کی جانب سے نہار عالم،مومن خان،اسامہ خان،وسیم شاہ اور احتشام خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،شاندار سنچری اسکور کرنے پر محمد نظام نے پشاور کے رحمت اللہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔
ایونٹ میں آج مزید دو میچز کھیلے جائیں گے۔صبح ساڑھے نو بجے بہاولپور کا مقابلہ لاہور سے اور دوپہر دو بجے اسلام آباد کا مقابلہ پشاور سے ہوگا۔