عامر وسیم میموریل پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ کلب کرکٹ ٹورنامنٹ شروع
پی سی بی گورننگ بورڈکے سابق ممبر ذوالفقار ملک نے شاٹ کھیل کر افتتاح کیا،104 میچزکھیلے جائیں گے
لاہور( سپورٹس رپورٹر)
عامر وسیم میموریل پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ کلب کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ بورڈکے سابق ممبر ذوالفقار ملک نے شاٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدر ملک فیصل خورشید، جنرل سیکرٹری عدنان شیرازی ،خزانچی اظہر حمید ، سینئر نائب صدر سہیل بٹ، جوائنٹ سیکرٹری شاہد جٹ،
کوآرڈینٹر ڈسٹرکٹ سیالکوٹ طیب عامر،محمد ابراہیم ملک سمیت میچ آفیشلز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مذکورہ ٹورنامنٹ کے میچزسیالکوٹ کی 10 مختلف گراونڈز میں منعقد ہوںگے، فائنل سمیت ٹوٹل 104 میچزکھیلے جائیں گے۔
اس ٹورنامنٹ میں ایمپائرز اور اسکورر کی جو فیس مقرر ہے اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ فی میچ تین ہزار روپے اضافی ادا کرے گی ۔
سابق ممبر پی سی بی گورننگ بورڈ ذوالفقار ملک اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدر ملک فیصل خورشید نے پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی سابق فرسٹ کلاس کرکٹر عبداللہ خرم نیازی کو خصوصی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس اقدام کو ملکی کرکٹ کیلئے خوش آئند قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کلب کرکٹ کی بحالی کا باعث بنے گا اورگراس روٹ لیول سے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔