ایس اے ا یف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20کرکٹ ؛ بہاولپور فائنل میں پہنچ گئی

ایس اے ا یف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20کرکٹ: بہاولپور فائنل میں پہنچ گئی

پشاور کو22رنز سے شکست، ایم شہباز کی جارحانہ سنچری کی بدولت لاہور نے اسلام آباد کو124رنز سے مات دی

بہاول پورنے پشاور کو شکست دے کر ایس اے ایف ڈس ایبلٹی ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کے گریڈ ون فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔دوسرے میچ میں لاہور نے اسلام آباد کو شکست دی۔

پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام اورشاہد آفریدی فاؤنڈیشن، پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے جاری چیمپئن شپ کے گریڈون کے میچز لاہور میں کھیلے جارہے ہیں،

لیگ میچوں کے آخری روز پشاوراور اسلام آبادکو شکست ہو گئی۔ریس کورس پارک گراؤنڈ لاہور پر جمعرات کو پہلے میچ میں بہاولپور نے پشاور کو 22رنز سے شکست دی اور فائنل میں پہنچ گئی۔

بہاولپور نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں پر140رنز اسکور کئے۔محمد نعمان نے 63گیندوں پر10چوکوں کی مدد سے 68اور محمد شہزاد نے چار چوکوں کی مدد سے27رنز بنائے۔عابد حسین نے19اور وسیم مرزا نے 14رنزاسکور کئے۔

نیاز علی شاہ نے دو اور گوہر خان نے ایک وکٹ حاصل کی،جواب میں پشاور کی ٹیم 17.2اوور118رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی،عاطف خان پانچ چوکوں کی مدد سے31اور نہار عالم تین چوکوں کی مدد سے27رنز بناکر نمایاں اسکورر رہے۔

واجد عالم14اور نیاز علی شاہ13رنز بناسکے۔بہاولپور کی جانب سے عبدالخالق نے تین،عابد حسین اور محمد آصف نے دو دو جبکہ محمد نعمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

محمد نعمان اس میچ کے پلیئر آف دی میچ قرار دئیے گئے انہیں ریجنل ہیڈ ملتان بہاولپور جمیل کامران نے ایوارڈ دیا۔دوسرے میچ میں لاہورنے اسلام آباد کو124رنز کے بھاری مارجن سے زیر کیا،لاہورنے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں پر224رنز اسکور کئے۔

ایم شہباز نے 48گیندوں پر 13چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے121رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جبکہ شاہد علی وٹو نے 37رنز بنائے۔حماد شوکت نے دو جبکہ واقف شاہ،زبیر خان اور حمایت خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں اسلام آباد 14.2اوورز میں 100رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔عادل محمود 32،واقف شاہ17اور عثمان پراچہ16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

عبداللہ اعجاز نے تین،انیس اور زیشان علی نے دو دو جبکہ ارسلان،مقصود اور شاہد علی وٹو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سابق فرسٹ کلاس کرکٹرمحمود رشیدنے سنچری میکر ایم شہباز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا،اس موقع پر ریجنل ہیڈ اسلام آباد محمد طاہر اور محمد نظام بھی موجود تھے۔

تعارف: News Editor