ویمن جوڈو پرونشل لیگ : لاہورریجن نے ٹرافی جیت لی
مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے انعامات تقسیم کیے
لاہور (سپورٹس رپورٹر)
”پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام “ کے تحت منعقد ہونے والی ویمن جوڈو پرونشل لیگ لاہور ریجن ویمن جوڈو ٹیم نے جیت لی۔جوڈو ٹیم کی شاندار کارکردگی کھلاڑیوں کی انتھک محنت سمیت کوچ محمد آصف خان اور دیگر ٹیم آفیشلز کی محنت اوربہترین پلاننگ کا نتیجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ”پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام “ کے تحت لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی ویمن جوڈو پرونشل لیگ میں پنجاب کے پانچ ریجن لاہور ، فیصل آباد ،ملتان ،سرگودھا اور سیالکوٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
لاہور ریجن ویمن جوڈو ٹیم کی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی جیت لی۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے لاہور ریجن ویمن جوڈو ٹیم کی کپتان رابعہ شاہین کو وننگ ٹرافی دی ، کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔
ویمن جوڈو پرونشل لیگ کو کامیابی سے منعقد کرانے میں لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر شگفتہ نازاور ڈائریکٹر سپورٹس سمیرا ستار اور صدر پنجاب جوڈو ایسوسی ایشن محمد آصف خان سمیت دیگر آفیشلز نے اہم ترین کردار ادا کیا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے طالبات کی محنت اور کارکردگی کو سراہا اور ان کو مزید محنت اور جذبے سے کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔اور اس موقع پر خواتین کی ترقی کیلئے حکومت کے عزم کو بھی دہرایا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بیشتر حصہ خواتین پر مشتمل ہے ہماری قوم کا مستقبل بچیوں سے وابستہ ہے،
ملکی بقا کیلئے ضروری ہے کہ ہماری بیٹیاں بیٹوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور حکومت پاکستان کی سربراہی میں بیٹیوں کی فلاح و بہبود یقینی بنا رہے ہیں۔
سہیل شوکت بٹ نے کھیلوں میں خواتین کی شرکت ملک کی ترقی کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہم قوم کی بیٹیوں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کریں گے،
ہماری حکومت پاکستانی خواتین کی تعلیم اور کھیلوں میں ترقی پرعزم ہے، ہماری بچیاں ہماری قوم کی طاقت ہیں اور ان کی کامیابی ہمارا فخر ہے، خواتین کی شمولیت کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔