پہلی بار آسٹریلین والی بال ٹیم تین میچوں کی سیریز کھیلنے 26 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔
پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کے مطابق آسٹریلین والی بال فیڈریشن نے خود پاکستان کیساتھ تین میچوں کی سیریز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیاتھا جس کے بعد ایونٹ کی تیاریوں کیلے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔
چوہدری محمد یعقوب کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم ملکی تاریخ میں پہلی بار 26مئی کو پاکستان پہنچے گی جو قومی والی بال ٹیم کیخلاف 28، 29، 30مئی کو اسلام آباد میں میچز کھیلیں گی۔
چوہدری یعقوب نے کہا کہ سینٹرل ایشین والی بال لیگ میں قومی ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوے ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
امید ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کیخلاف بھی پاکستان شاندار کارکردگی دکھائے گا، ہماری پوری کوشش ہے کہ محدود وسائل کے باوجود قومی ٹیم کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کو مل سکیں