امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ سے قبل میزبان ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ کردیا۔
امریکا کے شہر ہیوسٹن میں ہونے والے 3 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں مہمان ٹیم بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے توحید ہردوئے 58 رنز بناکر نمایاں رہے، محمد اللہ 31 اور سومیا سرکار 20 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
امریکا کی جانب سے اسٹیون ٹیلر نے 2، جسدیپ سنگھ، علی خان اور سوربھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میزبان ٹیم نے 154 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔
امریکا کی جانب سے کورے اینڈریسن 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جسدیپ سنگھ نے 13 گیندوں پر 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جسدیپ سنگھ کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا