خیبر پختونخوا انڈر 23ریجنل گیمز، پشاور ریجن مردوں کے ٹرائلز آج منعقد ہونگے
پشاور (زوہیب احمد)
خیبرپختونخوا انڈر23 ریجنل گیمز کے سلسلے میں پشاور ریجن مردوں کے ٹرائلز آج منعقد ہونگے جس میں ڈسٹرکٹ چارسدہ، مہمند، خیبر، نوشہرہ اور پشاور ڈسٹرکٹ کے میل کھلاڑی شرکت کرسکتے ہیں۔
ریجنل سپورٹس آفیسرپشاور کاشف فرمان کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل خیبر پختونخوا کے زیر انتظام خیبر پختونخوا انڈر 23ریجنل گیمزڈسٹرکٹ پشاور،چارسدہ،نوشہرہ،مہمند اور خیبر کی ٹیموں کے انتخاب کے لئے ٹرائلز شیڈول کا اعلان کردیا۔
پشاور ریجن کے خواتین ٹرائلز 22 جبکہ مردوں کے ٹرائلز 23 مئی کو پشاور کے مختلف مقامات پر ہوں گے تاکہ مختلف کھیلوں کی ٹیمیں انڈر 23گیمزکے لئے تیار کی جائے۔انڈر 23گیمز 28مئی سے شروع ہونگے۔
کھلاڑیوں کی تاریخ پیدائش 1-6-2001 ہونی چاہیے۔ یکم جون 2001 کے بعد پیدا ہونے والے افراد ٹرائلز میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ کھلاڑیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فارم بی اور قومی شناختی کارڈ لے کر آئیں تاکہ ان کی عمر کا تعین کیا جا سکے۔
کرکٹ کے لئے ٹرائلز معاز اللہ خان کرکٹ اکیڈمی پشاور سپورٹس کمپلکس،فٹبال کے لئے طہماس اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا جبکہ اتھلیٹکس کے ٹرائلز حیات آباد سپورٹس کمپلکس میں صبح دس بجے ہونگے۔
والی بال،بیڈمنٹن،سکواش،ٹیبل ٹینس،کراٹے اور تائکوانڈو کے کھلاڑیوں کی سیلیکشن پشاور سپورٹس کمپلکس قیوم اسٹیڈیم میں سہ پہر تین بجے ہونگے۔تھرو بال کے ٹرائلز اسی روز 23مئی ہی کو سہ پہر تین بجے طہماس اسٹیڈیم پشاور شہر میں ہونگے۔
ان ٹرائلز میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کی جانب سے کٹ، جوتے اور TA/DA فراہم کیا جائے گا جبکہ ٹرائلز کے دوران کوئی TA اور DA نہیں دیا جائے گا۔