پی ایف ایف نے فرنچائز پاکستان فٹبال لیگ کو غیر آئینی قرار دیدیا
فیڈریشن نے آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ کی منظوری نہیں دی، پی ایف ایف
فیفا اور اے ایف سی کے بینر تلے فٹبال معاملات چلانے کا واحد ذمہ دار ادارہ ہیں، پی ایف ایف
حکومت بھی صرف عالمی باڈیز کے تحت کام کرنے والی فیڈریشنز کو ہی اسپورٹ کرتی ہے
پی ایف ایف کی منظوری کے بغیر کسی ایونٹ کا انعقاد آرٹیکل82کی خلاف ورزی ہے
ذمہ داروں کو انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، پی ایف ایف کا موقف
فٹبال کے فروغ میں حقیقی کردار ادا کرنے والے ہر منصوبے کی حوصلہ افزائی ہوگی،پی ایف ایف
پی ایف ایف نے آئندہ ماہ شیڈول فرنچائز پاکستان فٹبال لیگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈریشن نے اس ایونٹ کی کوئی منظوری نہیں دی۔ فیفا اور اے ایف سی کے بینر تلے پی ایف ایف پاکستان میں فٹبال معاملات چلانے کا واحد ذمہ دار ادارہ ہے۔
فیفا کی جانب سے دیے جانے والے رائٹس کے تحت تمام تر فٹبال سرگرمیوں، ان کے اوقات اور مقامات کے فیصلوں کی صرف پی ایف ایف مجاز ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے 9ستمبر، 2014کو جاری کردہ احکامات کے مطابق حکومت بھی صرف عالمی باڈیز کے تحت کام کرنے والی فیڈریشنز کو ہی اسپورٹ کرتی ہے۔
پی ایف ایف کی منظوری کے بغیر کسی ایونٹ کا انعقاد آئین کے آرٹیکل82کی خلاف ورزی ہے جس پر انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں فٹبال کے فروغ میں حقیقی کردار ادا کرنے والے ہر منصوبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،شرط یہ ہے کہ پہلے اس کی منظوری حاصل کی گئی ہو۔