اولمپکس ڈے کی تقریبات کے انعقاد کے لیے ہائیرایجوکیشن اور پاکستان اولمپک میں اشتراک

 

اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اولمپکس ڈے کی تقریبات کے انعقاد کے لیے ہائیرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا اشتراک

کراچی، 28 مئی، 2024: نوجوانوں کو بہترین تعلیمی اورتحقیقی سہولیات فراہم کرنے اور انہیں غیرنصابی سرگرمیوں میں شرکت کی ترغیب دینے کے لیے پروفیسرڈاکٹر مختار احمد، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی

دوراندیش پالیسیوں کے عین مطابق، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) پاکستان بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں یومِ اولمپکس کی مشترکہ طورپرتقریبات کا انعقاد کریں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کی ہدایات پر، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے ملک کے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو 20 سے 23 جون تک منعقد ہونے والی اولمپکس ڈے کی تقریبات میں بھرپورشرکت کے لیے ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔

جاوید علی میمن نے اپنے مراسلے میں بتایا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اولمپکس ڈے کے حوالے سے ملک بھر میں کھیلوں اور کھلاڑیوں سے متعلق جامع سرگرمیوں کا پروگرام ترتیب دے رہی ہے، جس میں اسپورٹس ایونٹس،

شجرکاری مہمات، ثقافتی پروگرام، تصویری نمائشیں اور کھیلوں کی افادیت سے متعلق تعلیمی سیمینار شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان تقریبات کے ذریعے ہم ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں اولمپک موومنٹ کو فروغ دے سکتے ہیں،

طلباء کو صحت مند طرز زندگی کی ترغیب دے سکتے ہیں، ان میں اسپورٹس مین شپ اور دوستی کی اقدار کو اجاگر کر سکتے ہیں اور طلبہ کو نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کر سکتے ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ طلبہ پاکستان میں کھیلوں کے مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں، اس لیے جامعات کو چاہیے کہ وہ طلبہ کو یومِ اولمپکس کی تقریبات میں بھرپور طریقے سے شامل کریں۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن اعلیٰ تعلیمی اداروں کی اس سلسلے میں بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ یونیورسٹیوں میں منعقد ہونے والی یومِ اولمپکس کی تقریبات پاکستان میں اولمپک موومنٹ کو فروغ دینے،

طلباء کو صحت مند طرز زندگی اختیار کرنے کی ترغیب دینے، کھیلوں میں شرکت کے جذبے اور بھائی چارے کی فضا کو پروان چڑھانے اور نوجوانوں کے ٹیلنٹ اور جوش و جذبے کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نہ صرف ملک بھر کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے جامعات کی رہنمائی کرتا ہے بلکہ جامعات میں پڑھنے والے طلبہ کو غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کی ترغیب دینے کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور دیگر اسپورٹس فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی کام کررہا ہے۔

error: Content is protected !!