خیبرپختونخوا انڈر 23 انٹر ریجن گیمز، مردان نے کرکٹ کوہاٹ نے تائیکوانڈو ٹرافی اپنے نام کرلی۔
پشاور(زوہیب احمد)
خیبر پختونخوا انڈر 23انٹر ریجن تائیکوانڈو مقابلوں میں کوہاٹ نے پانچ گولڈ میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کی۔ اس موقع پر مشیر وزیر اعلیٰ کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان مہمان خصوصی تھے
جنہوں نے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے۔ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس عبدالناصر،ڈائریکٹر اپریشن عزیز اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اپریشن جمشید بلوچ،ریجنل اسپورٹس آفیسر کاشف فرحان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاونٹ شاہ فیصل خان،
چئیرمین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن الیاس آفریدی سمیت دیگر معززین موجود تھے۔اسپورٹس ایرینا پشاور سپورٹس کمپلکس پر کوہاٹ نے پانچ سونے،تین چاندی اور چار کانسی کے تمغے جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
دوسرے نمبر پر سوات نے پانچ سونے،ایک چاندی اور چار کانسی کے تمغے چیتے۔ڈیرہ اسماعیل خان کا نمبر تیسرا رہا جنہوں نے دو سونے،تین چاندی اور دو کانسی کے میڈلز اپنے نام کئے۔
حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے انڈر 23 انٹر ریجنل گیمز مردوں کرکٹ کے مقابلے مردان ریجن نے جیت لئے۔فائنل میں بنوں کو پانچ وکٹ سے شکست دی۔بنوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا
اور مقررہ بیس اوورز میں پوری ٹیم 125رنز پر آوٹ ہوگئی۔بنوں کی جانب سے سعید نے 31،شاہد نے 25اور منور نے 23رنز بنائے۔مردان کی جانب سے بلال رضا نے چار اور خان زیب نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
معاز خال،حمزہ اور معاز حبیب کے حصے ایک ایک وکٹ آئی۔جواب میں مردان نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔عذیر نے 38،اسحاق نے 28اور سلمان اعظم نے 19رنز سکور کئے۔
بنوں کی جانب سے ابوزر اور عبدالمحب نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔حیات آباد سپورٹس کمپلکس میں اختتام پزیر ہونے والے بیڈمنٹن مقابلوں میں پشاور ریجن سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت مرد کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے سونے کے تمغے جیت کر ٹرافی حاصل کرلی۔
بنوں کے کھلاڑیوں نے بھی شاندار مہارت اور عزم کا مظاہرہ پیش کیا اور چاندی کے میڈل کے ساتھ رنرز اپ ٹرافی جیت لی۔ڈائریکٹر حیات آبادسپورٹس کمپلکس نعمت اللہ نے کھلاڑیوں میں ٹرافیا ں تقسیم کی۔
بینالاقوامی بیڈمنٹن کھلاڑی مراد علی نے بھی کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے ان کے ہمراہ امجد علی سیکرٹری کے پی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن،ندیم خان،کاشف نواز ملک فراز رحمان اور حیات اللہ بھی موجود تھے۔
پشاور یونیورسٹی گراؤنڈ پر تھروبال فائنل میں پشاور نے بنوں کو دو صفر سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم مہمان خصوصی تھے۔