امریکا و ویسٹ انڈیز میں منعقد آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا۔
ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو کل 11.25 ملین ڈالر کے مجموعی انعامی رقم سے کم از کم 2.45 ملین ڈالر (امریکی ڈالر) ملیں گے،جبکہ رنرز اپ کو کم از کم 1.28 ملین ڈالر ملیں گے، ہر ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کے لیے کم از کم 225,000 ڈالر ملیں گے۔
سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ہر ٹیم کو کل انعامی رقم 11.25 ملین ڈالر میں سے 787,500 ڈالر ملیں گے۔ وہ چار ٹیمیں جو سپر 8 سے آگے نہیں بڑھ پائیں گی، ہر ایک کو 382,500 ڈالر دیئے جائیں گے، جبکہ نویں، دسویں،
گیارہویں اور بارہویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو فی کس 247,500 ڈالر ملیں گے۔ 13ویں سے 20ویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 225,000 ڈالر ملیں گے۔
اور ہر ٹیم کو سیمی فائنل اور فائنل کے علاوہ ہر میچ جیتنے پر اضافی 31,154 ڈالر ملیں گے۔ یہ 55 میچز کا ایونٹ 28 دنوں میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے نو مقامات پر کھیلا جائے گا،
جو اسے سب سے بڑا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ بناتا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے راونڈ میں 40 میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد 8 ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں داخل ہوں گی ،
جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گے اور یہاں سے دو ٹیمیں فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی ۔ایونٹ کا فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا ۔