اسپورٹس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، رضا عباس رضوی

اسپورٹس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، رضا عباس رضوی

کراچی ; سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی نے کراچی میں ہونے والی سافٹ بال چیمپئن شپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے

اس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، چاروں صوبوں کی ٹیموں پر مشتمل سافٹ بال چیمپئن شپ کا کراچی میں انعقاد خوش آئند ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی کی جانب سے چیمپئن شپ کے شرکاء کے اعزاز میں منعقد کئے جانے والے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد،

ڈائریکٹر اسپورٹس آفتاب قائم خانی، سافٹ بال فیڈریشن کے صدر آصف عظیم، سیکریٹری نسیم خان اور دیگر افسران اور مختلف ٹیموں کے منتظمین کے علاوہ کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی،

انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ سال کراچی گیمز کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 52 کھیلوں کے 5 ہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا، یہ ایک کامیاب کوشش تھی جسے پورے ملک میں سراہا گیا،

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہمیشہ کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کر رہی ہے،1992ء میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں بھی کے ایم سی نے شہری استقبالیہ دیا تھا اسی طرح جب بھی کراچی کے کھلاڑیوں نے کوئی بڑی کامیابی حاصل کی کے ایم سی نے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا،

انہوں نے کہا کہ موجودہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی کی بھی یہ کوشش ہوتی ہے کہ مختلف کھیلوں کا کراچی میں انعقاد کیا جائے اور کراچی میں جو ٹورنامنٹس اور چیمپئن شپ منعقد ہوں

انہیں ہرطرح کی بلدیاتی سہولتیں فراہم کی جائیں، کراچی میں پی ایس ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز کے دوران بھی کے ایم سی شہر بھر میں استقبالیہ بینرز آویزاں کرتی ہے اور منتظمین کو بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے

اور اس کا مقصد کھیلوں کی سرپرستی کرنا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوان صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں،

کھیلوں سے نہ صرف جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ ذہنی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام جو کھیلوں کے میدان ہیں انہیں میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب بھرپور انداز میں فعال کر رہے ہیں

تاکہ کراچی کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع میسر کئے جائیں، تقریب سے بلوچستان سے آئے ہوئے سافٹ بال فیڈریشن کے صدر آصف عظیم، سیکریٹری نسیم خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا،

آصف عظیم نے کہا کہ چاروں صوبوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ پہلی بار کراچی میں منعقد ہو رہا ہے اور اس میں کھلاڑیوں کا کراچی آنا قابل تحسین ہے،

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی نے جس طرح کراچی میں کھلاڑیوں کی پذیرائی کی ہے سافٹ بال فیڈریشن اسے ہمیشہ یاد رکھے گی،

تقریب کے اختتام پر فیڈریشن کے صدر آصف عظیم اور سیکریٹری نسیم خان نے چیمپئن شپ کا سوویئنر سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی کو پیش کیا۔

error: Content is protected !!