پی ایف ایل کے وفد کی رانا ثناء اللہ سے ملاقات؛ پاکستان فٹ بال لیگ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد، 05 جون، 2024: نوازگوھر
پاکستان میں فٹ بال کی ترقی و ترویج کے لیے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے وزیراعظم کے مشیر اوروزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، رانا ثناءاللہ سے ملاقات کی ۔
وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ نے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد کو خوش آمدید کہا اورپاکستان میں پی ایف ایل کوفروغ دینے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو کی زیر قیادت وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ، وفاقی سیکرٹری، ندیم ارشاد کیانی سمیت وزارت کے اعلٰی حکام سے ملاقات کی
اور پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔۔ملاقات میں ایمیل ہسکی، پاسکل چمبونڈا، مائیک فرنان، ڈیوڈ گومز، لوئس میگوئل اور مائیک ایلیسن جیسی نامورشخصیات بھی موجود تھیں ۔
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آپ ہمارے پاس 27افراد پر مشتمل وفد ساتھ لیکر لائے ہیں ،ان میں 8ملکوں کے فٹبال کے بڑے بڑے نام بھی شامل ہیں
ہم انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ آپ تمام مشکلات کی پرواہ کیے بغیر فٹبال کی ترقی اورپاکستان کے بچوں کے لیے کام کریں ، آپ کو حکومت پاکستان سے جو بھی تعاون درکار ہے
وہ ہم آپ کو فراہم کریں گے ۔ یہ پاکستان اور پاکستان کے بچوں کے لیے بہت بڑا اقدام ہے جو ملک میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا ۔
وفاقی مشیر نے کہا کہ وزیر اعظم اس وقت چائنا کے دورے پر ہیں اس لیے انہوں نے مجھے مینڈیٹ دیا ہے اور اپنی اور اپنی منسٹر ی کی طرف سے یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت آپ لوگوں کے ساتھ فٹبال کی ترقی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف ایل کا دورہ، پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ ہم PFL اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان میں فٹ بال کا مضبوط ایکو سسٹم بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
اس موقع پر اجلاس میں وفد کے سربراہ مائیکل اوون نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے بنیادی انفراسٹرکچر کو ڈیویلپ کرنا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا ، نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور ملک میں مجموعی طور پر فٹبال کا معیار بلند کرنا ہے۔