ٹی 20 ورلڈ کپ ؛ پاک بھارت میچ کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی

 آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آئیں گے۔

اتوار کو نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 پر ہوگا تاہم بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ویدر رپورٹس کے مطابق بھارت ٹاکرے کے روز 51 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، بارش مقامی وقت کے مطابق میچ شروع ہونے کے آدھے گھنٹے بعد متوقع ہے۔سنسنی خیز مقابلے کے پیش نظر بارش کی صورت میں میچ کو اضافی وقت دیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی امریکا سے اَپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب پاک بھارت کے درمیان اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گئے ہیں جن میں بھارت کا پلڑا بھاری ہے۔

بھارت نے بارہ میچوں میں سے نو میچوں میں پاکستان کو شکست دی ہے، پاکستان تین میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز میں دونوں ٹیم کے درمیان سات میچ کھیلے گئے ہیں جس میں بھارت نے پانچ میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان ایک میچ میں کامیاب رہا۔

ایک میچ ٹائی ہوا جو سپر اوور میں بھارت نے جیت لیا۔پاکستان کی ٹیم امریکا سے ہارنے کے بعد نیو یارک پہنچ چکی ہے اوربھارت کے خلاف میچ کے لئے آج پریکٹس کرے گی۔ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ پاک بھارت کے بڑے میچ کے منتظر ہیں۔

پاکستان کو کل بھارت کے خلاف لازمی فتح درکار ہے، فتح کی صورت میں ہی پاکستان کے سپر ایٹ میں پہنچنے کے چانسز ہیں، شکست کی صورت میں پاکستان کا سپرایٹ مرحلے میں پہنچنا بھی مشکل ہو جائے گا۔

تعارف: News Editor