انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2024 کے میچ میں آسٹریلیا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آئی سی سی کے زیر اہتمام امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
نمیبیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 72 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمیبیا کی ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اننگز کے آغاز سے ہی نمیبیا کی ٹیم آسٹریلین باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔ نمیبیا کے کھلاڑی ایک کے بعد ایک وکٹ گنوا کر واپس جاتے رہے۔
نمیبیا ٹیم کے کپتان گرہارڈ ایراسمس 36 اور مائیکل وان لنگن 10 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں کے علاوہ نمیبیا کا کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 12 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوش ہیزل ووڈ اور مارکس اسٹوئنس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پیٹ کمنز اور نیتھن ایلیس ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
آسٹریلیا نے نمیبیا کی جانب سے دیا گیا ہدف باآسانی چھٹے اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 8 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ وہ ٹرمپل مین کی گیند کا شکار بن گئے۔
ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش نے تیز کھیلتے ہوئے 5.4 اوورز میں ہی ہدف پورا کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 17 گیندوں پر 34 رنز اور مچل مارش نے 9 گیندوں پر 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلین سکواڈ ; آسٹریلیا کی ٹیم کی قیادت مچل مارش کر رہے ہیں، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل، مارکس سٹوئنس، ٹم ڈیوڈ، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، نیتھن ایلیس، ایڈم زیمپا اور جوش ہیزل ووڈ ٹیم کا حصہ ہیں۔
نمیبیا کا سکواڈ ; نمیبیا کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض گرہارڈ ایراسمس سرانجام دے رہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں مائیکل وان لنگن، نکولس ڈیون، جین فری لنک، جے سمت، ڈیوڈ ویسے، زین گرین، روبن ٹرمپل مین، بین شکونگو، جیک براسلیس اور جے پی کولٹز شامل ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا اور نیپال کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس تک نہ ہوسکا۔ جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔