پاکستان گروپ مرحلے کا اپنا اہم اور آخری میچ 16 جون کو امریکی ریاست فلوریڈا میں کھیلے گی، میچ کے دن بارش کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے پاکستان کیلئے بڑی مشکل پیدا ہو گئی، مقامی محکمہ موسمیات نے فلوریڈا میں پورا
ہفتہ بارشوں کی پیش گوئی کر دی، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان اتوار کو ہونے والا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اتوار کے روز فلوریڈا میں بارش ہوئی یا امریکا آج میچ جیت گیا تو پاکستان ایونٹ سے باہر ہوجائے گا، گزشتہ روز بارش کے باعث فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے قومی کرکٹ ٹیم پریکٹس نہ کر سکی،
شائقین کو امریکا کی شکست کے ساتھ ساتھ دونوں میچوں میں بارش نہ ہونے کی دعا کرنی ہو گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں تین میچز کھیلے ہیں اور صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے،
قومی ٹیم کو پہلے میچ میں امریکا، دوسرے میں بھارت نے شکست دی جبکہ تیسرے میچ میں پاکستان نے کینیڈا کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی۔