پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام سمر اتھلیٹکس کیمپ 23 جون سے شروع ہو گا۔
اسلام آباد (نوازگوھر) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام اور پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے تعاون سے سمر اتھلیٹکس کیمپ 23 جون سے لاہور میں شروع ہو گا۔
پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ریٹائرڈ وجاہت حسین (ستارہ امتیاز ملٹری) نے بتایا کہ سمر اتھلیٹکس کیمپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور کیمپ میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
سمر اتھلیٹکس کیمپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والےکھلاڑی اور تعلیمی اداروں کے طلباء طالبات اپنے، اپنے ناموں کی رجسٹریشن 20 جون تک کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو اتھلیٹکس کے جدید بنیادی اصول، نئے قوانین اور ٹیکنیک کے بارے میں آگاہ کرنے کے علاوہ کھیل کے میدان میں پریکٹیکل بھی کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ
پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن ہر سال گرمیوں کی چھٹیوں میں تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کے لئے سمر اتھلیٹکس کیمپ کا انعقاد کرتی ہے اور اس سے گراس روٹ سطح اتھلیٹکس کے کھیل کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ، ساتھ نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آتا ہے۔
برگیڈیئر ریٹائرڈ وجاہت حسین نے کہا کہ سمر اتھلیٹکس کیمپ میں تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات بڑے شوق سے حصہ لیتے ہیں۔ یہ کیمپ 28 جولائی تک جاری رہے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے فری تربیتی کیمپ کے ساتھ ساتھ کوچنگ کورسز اور سیمینارز کا بھی انعقاد کرتی ہے۔