آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دے دی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں فلوریڈا کے لارڈہل میں مدمقابل تھیں جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر آئرش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے آئرلینڈ کی ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی، پاکستان نے 107 رنز کا ہدف 7 گیند قبل حاصل کیا، بابراعظم 34 گیندوں پر 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔
صائم ایوب، محمدرضوان اور عباس آفریدی نے 17 ،17 رنز اسکور کیے، شاداب خان ایک بار پھر ناکام رہے اور صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔
عثمان خان 2، عماد وسیم 4 اور فخر زمان 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں 5 گیندوں پر جارحانہ 13 رنز بنائے اور دو چھکے بھی لگائے، شاہین کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا.
آئرلینڈ کی جانب سے بیری مک کارتھی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 پاکستانی بیٹرز کو پویلین بھیجا جبکہ کرٹس کیمفر نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس سے قبل آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے رسمی گروپ میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم نے گرین شرٹس کوجیت کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا تھا.
پاکستان کے خلاف آئرلینڈ کی پہلی 6 وکٹیں محض 32 رنز کے اسکور پر گرگئی تھیں، تاہم ٹیل اینڈرز نے عمدہ کوشش کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری اسکور کروائی،
گیرتھ ڈیلانی نے آئرلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 33 رنز اسکور کیے، جوش لٹل 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مارک ایڈیر بھی 15 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
محمد عامر کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں جبکیہ حارث رؤف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے، آئرلینڈ نے بیٹرز نے آخری وکٹ کی شراکت میں 26 رنز کا اضافہ کیا۔
آج کے میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور نسیم شاہ کی جگہ عباس آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ مذکورہ میچ محض رسمی تھا کیونکہ آئرلینڈ اور پاکستان کا ایونٹ میں سفر اختتام پزیر ہوچکا ہے۔