پاکستانی ٹیم کے فاسٹ باولر حارث رؤف کا فلوریڈا میں پیش آنیوالے واقعے پر رد عمل سامنے آگیا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں فاسٹ باولر حارث رؤف نے کہا کہ میں نے اس معاملے کو سوشل میڈیا پر نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب ویڈیو سامنے آچکی ہے، تو مجھے لگتا ہے کہ اس صورت حال پر بات کرنا ضروری ہے۔
حارث رؤف نے کہا کہ عوامی شخصیات ہونے کے ناطے، ہم عوام سے ہر قسم کے تاثرات حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں،فین ہمار ی حمایت یا ہم پر تنقید کرنے کے حقدار ہیں لیکن جب بات میرے والدین اور میری فیملی کی آئے گی، تو میں اس کے مطابق جواب دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) محسن نقوی نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی حمایت کی ہے۔جب کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انہیں ان کے روّیے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
رؤف کے ردعمل کے فوری بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹر کے دفاع میں کہا کہ وہ اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس طرح کے واقعات ‘مکمل طور پر ناقابل قبول’ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث افراد فوری طور پر حارث رؤف سے معافی مانگیں، ایسا نہ کرنے پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں حارث رؤف امریکا میں ایک کرکٹ مداح کی طرف سے ان کے خلاف نا پسندیدہ گفتگو کرنے پر ان کے خلاف آپے سے باہر ہو گئے اور ان پر حملہ آور ہو گئے۔