ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ؛ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سپر ایٹ مرحلے کا میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ ا نڈیز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

مقررہ اوورز میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 181 رنز کا ہدف دیا، ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز کئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جانسن چارلس 38 رنز بناکر نمایاں رہے، برینڈن کنگ 23 رنز بناکر ریٹائرڈہرٹ ہوئے جبکہ نکولس پورن، کپتان رومین پوول نے 36، 36 رنز بنائے۔

رتھر فورڈ 28 اور روماریو شیفرڈ 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیونگ اسٹن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر اور فل سالٹ نے اننگز کا آغاز کیا، فل سالٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 47 گیندوں پر 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔87 رنز کی اننگز میں انہوں نے پانچ چھکے اور سات چوکے بھی لگائے۔

جوز بٹلر نے 25 رنز بنائے، معین علی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جونی برسٹو نے 48 رنز بنائے۔جونی برسٹو اور فل سالٹ نے شاندار بیٹنگ کی اور دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 17.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

error: Content is protected !!