ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔
سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے سپر 8 مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 164 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناسکی۔
ہیری بروک کی 53 رنز کی برق رفتار اننگز بھی رائیگاں گئی، لیام لیونگ اسٹون 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اوپنر فل سالٹ 11 رنز پر ربادا کا نشانہ بنے، کپتان جوز بٹلر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جونی بیرسٹو کو 16 رنز پر کیشو مہاراج نے پویلین کی راہ دکھائی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور کاگیسو ربادا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کوئنٹن ڈی کاک نے 38 گیندوں پر 65 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی ان کی اننگ میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، ڈیوڈ ملر بھی 28 گیندوں پر 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ریزا ہینڈرکس 19 رنز بنا کر معین علی کا نشانہ بنے، ہینرک کلاسن کو 8 رنز پر کپتان جوز بٹلر نے رن آؤٹ کیا، کپتان ایڈن مرکرام ایک رن پر عادل رشید کو وکٹ دے بیٹھے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عادل رشید اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر ایڈن مرکرام الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہدف کا تعاقب کریں گے۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مرکرام نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے فیلڈنگ کرتے، کوشش ہوگی اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سیٹ کریں۔
انگلینڈ سکواڈ: جوس بٹلر (کپتان/وکٹ کیپر)، معین علی، جوفرا آرچر، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، سیم کرن، لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، فل سالٹ (وکٹ کیپر)، ریس ٹوپلی اور مارک ووڈ
جنوبی افریقہ سکواڈ: ایڈن مارکرم (کپتان)، اوٹنیل بارٹمین، کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن سٹبس، کاگیسو ربادا، اینریچ نارٹجے، مارکو جانسن اور کیشو مہاراج