آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد امریکا کو 9 وکٹو ں سے شکست دیدی۔
بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکا کی ٹیم 128 رنز بناکر اننگز کے آخری اوور میں آل آؤٹ ہوگئی جس کے بعد امریکا نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 129رنز کا ہدف دیا ۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 46 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکی بیٹر اینڈریز غوث 16 گیندوں پر 1 چھکے اور 3چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، نتیش کمار 20، ملند کمار 19 اور شیڈلی وین شاک وک 18 رنز سکور کرپائے۔
ویسٹ انڈین بولر روسٹن چیز نے 4 اوور میں 19 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں ، اینڈرے رسل بھی 3.5 اوورز میں 31 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ الزاری جوزف 2 اور گڈاکیش موتی 1 وکٹ حاصل کر سکے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 10 اوورز اور 5 گیندوں پر امریکا کا ہدف مکمل کرتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شے ہوپ 82 اورنکولس پورن 27رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جونسن چارلس14 گیندوں پر 15رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
سپر 8 مرحلے کے گروپ 2 میں شامل ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن کے کنسنگٹن اوول کرکٹ اٹیڈیم میں مدمقابل رہیں۔
واضح رہے کہ سپر 8 مرحلے میں ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں اب تک ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کو سپر 8 مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یاد رہے کہ سپر 8 مرحلے کے گروپ 2 میں شامل جنوبی افریقا کی ٹیم نے اب تک 2 میچ کھیل کر دونوں ہی میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 2 میچ کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ 1 میں آسٹریلیا، بھارت، بنگلادیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔