بجلی نے بجلی کی تیز رفتاری سے کراچی گدھا گاڑی کی ریس جیت لی
کراچی میں گدھا گاڑی ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں 40 سے زائد گدھا گاڑیاں شامل تھیں۔
گدھا گاڑی ریس آئی سی آئی فلائی اوور سے کمشنر کراچی ہاؤس تک ہوئی۔ اس حوالے سے کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ آج اسپورٹس فیسٹیول کا پہلا ایونٹ ہوا ہے۔
علاوہ ازیں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کا اہتمام تفریح سے محروم غریب طبقے کے لیے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گدھا گاڑی ریس کے کھیل سے پرانے لوگ وابستہ ہیں، پہلے نمبر پر آنے والا گدھا بجلی آج بجلی کی طرح دوڑا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا تعلق لیاری سے ہے اور اس نے اپنے گدھے کا نام ’بجلی‘ رکھا تھا۔
عبداللہ کو 25 ہزار روپے کا نقد انعام دیا گیا جبکہ ریس میں دوسرے نمبر پر آنے والے گدھے کے مالک کو 20 ہزار روپے دیے گئے۔ اسی طرح تیسرے نمبر پر آنے والے گدھے کے مالک کو 15 ہزار روپے کا نقد انعام دیا گیا۔
میئر کراچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ شعر و شاعری اور دیگر پروگرام بھی ہونے چاہئیں تاکہ شہریوں کو سستی انٹرٹینمنٹ مل سکے۔