ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں افغانستان نے پہلا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں میں رسائی کی
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 127 پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں افغانستان نے 21 رنز سے فتح اپنے نام کی
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں سینٹ ونسٹنٹ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دے کر نہ صرف سیمی فائنل میں اپنی رسائی کی امیدوں کو قائم رکھا بلکہ کینگروز کو بھی اگلے مرحلے کے لیے مشکل میں ڈال دیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 48 ویں میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز سکور کیے۔
آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے ٹیم کو 118 رنز کی شراکت سے شاندار سٹارٹ فراہم کیا۔
آسٹریلیا کے بولرز کا مقابلہ کرتے ہوئے رحمان اللہ گرباز نے 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز سکور کیے جبکہ ابراہیم زدران نے 48 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز داغے۔
افغانستان کی جانب سےکریم جنت 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے اپنے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار دو ہیٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 2 اور مارکس اسٹائنس 1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
افغانستان کے 149 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں سینٹ ونسنٹ، کنگز ٹاؤن کے آرنس ویل سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ 1 میں شامل دونوں ٹیمیں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہیں۔
اس سے قبل سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو بھارت کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بنگلادیش کیخلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
اس طرح گروپ 1 میں مزید دلچسپ ہوتی نظر آرہی ہے جہاں بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور افغانستان بھی 2 پوائنٹس ہی کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
سُپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا اپنا آخری میچ بھارت جبکہ افغانستان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچز جیتنا لازمی ہونگے۔ بھارت کی شکست اور افغانستان کی جیت کی صورت میں کوالیفائی کرنے والی دونوں ٹیموں کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔